قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی بھر کی کہانی کو ڈیجیٹلائز کیاگیا ہے ؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

34

اسلام آباد،21مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ   قیام پاکستان کے وقت لاکھوں مہاجرین ہجرت کر کے پاکستان آئے، مشکل حالات میں قیام پاکستان کا سفر شروع ہوا، الحمد للہ 75 برس کے مختصر عرصہ میں آج ہم دنیا کی ساتویں جوہری قوت ہیں،  قائد اعظم محمد علی جناح کی زندگی بھر کی کہانی کو ڈیجیٹلائز کیاگیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پاکستان ڈے کے حوالے سے ڈیجیٹل فوٹو گرافی اور پینٹنگ نمائش سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قیام پاکستان کے وقت صحت کی سہولیات ناکافی تھیں، پانچ یا سات بڑے ہسپتال تھے، آج الحمد للہ پاکستان کے ہر ضلع میں ہسپتالوں کا نیٹ ورک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان بنا تو بڑی تعداد میں لوگ ہجرت کر کے پاکستان آئے، اتنی بڑی تعداد کو سنبھالنا ایک مشکل مرحلہ تھا، مشکل حالات میں قیام پاکستان کا سفر شروع ہوا، آج 75 سال بعد پاکستان دنیا کی ساتویں جوہری طاقت ہے، پاکستان کی فوج دنیا کی چھٹی بڑی فوج ہے، پاکستان کا نہری نظام دنیا کے بڑے نہری نظاموں میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لئے ہماری خدمات کا کوئی جوڑ نہیں، پاکستانی نوجوانوں نے دنیا کے لئے بے مثال کردار ادا کیا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ 2018ء میں فیسز آف پاکستان کتاب جاری کی گئی جس میں پاکستان کی خوبصورتی دکھائی گئی تھی، آج اس کتاب کو ڈیجیٹلائز کیا گیا ہے، اس کتاب میں قائداعظم کی تصاویر کو اپ گریڈ کر کے پیش کیا گیا ہے، وزارت اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ اس خوبصورت کتاب میں پہلی مرتبہ سب ٹائٹلز کے ساتھ تصاویر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی تقاریر کا ایک مستند ورژن بھی لا رہے ہیں تاکہ انہیں مناسب طریقے سے ترتیب دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 75 ویں قومی دن کے موقع پر او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس ہو رہی ہے،  مسلم ممالک کے وزراء خارجہ پاکستان تشریف لا رہے ہیں، او آئی سی وزراء خارجہ کانفرنس عالمی سطح پر ایک بڑا ایونٹ ہے جو پاکستان منعقد کر رہا ہے، اس ایونٹ کے انعقاد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں  نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

سورس:وی  این ایس، اسلام آباد