اسلام آباد،20مارچ (اے پی پی):مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں سیشن میں شرکت کےلئے اتوار کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کی آمد پر وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر محمود اشرفی نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان اور مصر برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے وزیر خارجہ 24 سال کے بعد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں ا ور ہم ان کا گرمجوشی سے استقبال کرتے ہیں۔
نمائندہ خصوصی نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس میں مسلم امہ کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور کانفرنس کے انعقاد سے امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کےلئے لائحہ عمل مرتب کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر مصر کے وزیر خارجہ نے اس توقع کا اظہار کیا کہ کانفرنس کے انعقاد سے مسلم امہ کی ترقی میں مدد حاصل ہوگی۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد