مظفرگڑھ پولیس کی کامیاب کارروائی،سرغنہ سمیت گینگ کے 4 ارکان گرفتار،  لوٹا ہوا مال برآمد

52

مظفر گڑھ،28 مارچ(اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مظفرگڑھ کیپٹن ریٹائرڈ طارق ولایت کی ہدایت پر مظفرگڑھ پولیس کی سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم میں ایس ایچ او تھانہ رنگپور جام سجاد حیدر کی کامیاب کارروائی،سرغنہ سمیت گینگ کے 4 ارکان گرفتار، لاکھوں روپے کا لوٹا ہوا مال برآمدکیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ رنگپور نے ڈی پی او کی پالیسی اور ہدایات کے مطابق پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کاروائی کرتے ہوئے  ریاضا موچی گینگ کے سرغنہ ریاض موچی کو تین ممبران یاسین ،ذیشان اور خضر سمیت گرفتار کر کے ملزمان سے 11 لاکھ 50 ہزار روپے کا لوٹا ہوا اور مسروقہ مال برآمد کرلیا ہے،برآمد کئے جانے والے مال میں 4 موٹرسائیکل،ایک بھینس،4 سولر پلیٹیس، ایک موٹر و دیگر سامان برآمد کر لیا ہے،ملزمان سے وارداتوں میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ،چار پستول بھی 20  کارتوسوں سمیت برآمد کر لئے ہیں۔

اس موقع پر ایس ایچ او نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی پی او مظفرگڑھ نے انہیں پراپرٹی کے خلاف کرائم،موثر گشت اور مویشی چوری روکنے کا خصوصی ٹاسک دیا تھا،انہوں نے پولیس ٹیم کے ہمراہ ڈی پی او کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے علاقہ کے بدنام اور خطرناک گینگ کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا ہے،ایس ایچ او کے مطابق ملزمان چوری ڈکیتی اور ناجائز اسلحہ کے 14 سے زائد مقدمات میں ملوث ہیں۔