مہمند،22مارچ(اے پی پی): مہمند پولیس کی بڑی اور کامیاب کارروائی، بازاروں میں دکانوں سے چوری کرنے والا ملزم گرفتار،
قبضہ سے بڑی مقدار میں مال مسروقہ برآمد لیا گیا۔
کچھ دن پہلے تھانہ غلنئ کی حدود میاں منڈی بازار میں دکانوں سے مختلف اشیاء کی چوری کے وارداتیں رونماء ہوئی۔ نامعلوم ملزم نے عدنان خان ولد زربادشاہ ساکن شابانہ شاتی کور کے دُکان سے 40 عدد موبائلز، مختلف قسم کے 1 لاکھ روپے مالیت، 5 ہزار روپے کے موبائل کارڈز اور مختلف سامان مالیت 50 ہزار روپے جبکہ منصف خان ولد نرے خان ساکن کٹار کلے کے دُکان سے 16 عدد پستول مختلف بور، 2 عدد ایس ایم جی رائفلز اور 1170 عدد مختلف بور کارتوس چوری کرتے ہوئے فرار ہوگیا تھا۔
واقع کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او مہمند صلاح الدین کنڈی نے ایس پی انوسٹیگیشن مہمند شکیل خان کو ملزمان کے گرفتاری کا ٹاسک حوالہ کیا، ایس پی انوسٹیگیشن مہمند نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر خالد خان، ایس ایچ او غلنئ اسرار خان، اے ایس آئی شوکت خان، تفتیشی سٹاف ایس آئی عبدالحکیم خان اور اے ایس آئی مراد خان پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی۔ اس ٹیم نے جدید ذرائع اور تکنیکی بنیادوں پر تفتیش شروع کردی۔ ٹیم نے بہت قلیل مدت میں چوری کے واردات میں ملوث ملزم زاہد شاہ ولد اسماعیل ساکن بیزوگان غلنئ کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کے نشاندہی پر پولیس ٹیم نے ملزم زبیر خان ولد عربستان ساکن غلنئ کے موبائل دکان سے چوری شدہ موبائلز برآمد کرلیے۔ جسکے بعد مزید چوری شدہ اسلحہ کو ملزم زاہد شاہ کے حجرہ سے برآمد کیا گیا۔
ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی کیلئے تھانہ غلنئ منتقل کردیا گیا۔ جن سے مزید تفتیش جاری ہے. پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شریکِ جرم افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔