فیصل آباد،6مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ناصر باغ لاہور میں بلاول زرداری کا جلسہ نہیں بلکہ جلسی تھی، ان کے خلاف انتقامی نہیں احتسابی کارروائی ہورہی ہے، جو بھی عمران خان کی گاڑی سے اترے گاوہ زیرو ہوجائے گاکیونکہ عوام نے عمران خان کے نام پر اس کی پارٹی کے امیدواروں کو 1کروڑ 70 لاکھ ووٹ دیئے،جو بھی عمران خان کے نام پر حاصل کردہ عوامی مینڈیٹ سے غداری کرے گا اسے کہیں منہ چھپانے کی بھی جگہ نہیں ملے گی، جنہوں نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا ٹوپی ڈرامہ شروع کر رکھا ہے وہ ایک بار نہیں بلکہ دس بار عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلیں، انہیں ماضی کی طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا ، عمران خان اپنی موجودہ پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے سمیت اگلی پانچ سالہ مدت کیلئے بھی انشااللہ ملک کے وزیر اعظم ہوں گے۔
ی این ایس، فیصل آباد
اتوار کی شام کینال برگ فیصل آباد میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبہ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم کو لوٹنے، منی لانڈرنگ، اومنی گروپ کے ذریعے جعلی اکاؤنٹس بناکر پیسہ باہر منتقل، سندھ سے لانچوں کے ذریعے لوٹے ہوئے خزانہ کی بیرون ممالک ترسیل کرنیوالے آصف زرداری کے سیاسی وارث بلاول زرداری پنجاب سر کرنے نکلے ہیں جنہیں عوام نے بری طرح مسترد کردیا ہے یہی وجہ ہے کہ جب ان کی والدہ محترمہ بینظیر بھٹو جلاوطنی کے بعد واپس آئی تھیں تو انہوں نے مینار پاکستان کا انتخاب کیا تھا لیکن بلاول کو معلوم ہے کہ عوام انہیں بری طرح مسترد کرچکے ہیں اسلئے انہوں نے مینار پاکستان کی بجائے چھوٹے سے ناصر باغ لاہور کا انتخاب کیا جہاں چھوٹی سی جلسی میں انہیں زندہ دلان لاہور نے مسترد کرکے ان کی اوقات یاد دلادی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ میں بلا شرکت غیرے پچھلے تیرہ سالوں سے پی پی پی کی حکومت ہے لیکن وہاں لوگ ایمبولینس کی بجائے گدھا گاڑیوں پر اپنے مریض ہسپتالوں میں لاتے ہیں، وہاں ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہیں، وہاں لوگ غربت و افلاس اور بھوک سے مر رہے ہیں، پینے کے صاف پانی کی بجائے گندہ پانی پینے والے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر زندگی کے دن پورے کرنے پر مجبور ہیں، وہاں عوام کی فلاح کیلئے شروع کیا گیا ہیلتھ کارڈ جاری نہیں ہونے دیا جارہا، اندرون سندھ کی سڑکیں کھنڈرات بن چکی ہیں،ہر طرف ٹینکر مافیا، جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں کا راج ہے مگر کوئی عوام کا پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ستر سالوں میں بالعموم جبکہ گزشتہ تیس چالیس سالوں میں بالخصوص باریاں بدل بدل کر حکومت کرنیوالے زرداریوں اور شریفوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ان لوگوں نے اپنی لوٹ مار کیلئے ملکی ادارے تباہ و برباد کردیئے،ان لوگوں نے بیرون ملک جائیدادیں اور کاروبار بنائے، کل تک ان لوگوں نے ایک دوسرے کو گھسیٹنا اور پیٹ بھاڑ کر پیسہ نکلوانے سمیت چوکوں چوراہوں میں لٹکانا تھا مگر آج یہ عمران خان کے احتساب کے خوف سے ایک دوسرے سے بغل گیر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ جو مرضی کرلیں عمران خان ان سے بلیک میل ہوگا اور نہ ہی این آر او دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ چور، ڈاکو، لٹیرے، فراڈیئے، جعلساز عمران خان پر انتقام کا الزام لگارہے ہیں لیکن یہ انتقامی نہیں بلکہ احتسابی کارروائی ہے اور یہ تمام مقدمات وہ ہیں جو ماضی میں انہی لٹیروں نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے عوام کے نام پر ہمیشہ ٹوپی ڈرامہ کرکے ان کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی، ان کے اپنے پیٹ میں دردبھی ہوتا یا کھانسی بھی آتی تو یہ بھاگ کر بیرون ممالک دوبئی، لندن،امریکہ علاج کروانے پہنچ جا تے لیکن انہوں نے ملک میں ایک بھی ایسا ہسپتال نہیں بنایا جس میں ان کا اپنا علاج ہوسکتا مگر اس کے برعکس عمران خان نے دنیا کا سب سے بہترین یونیورسل ہیلتھ انشورنس سسٹم متعارف کرواتے ہوئے ملک کی کروڑوں کی آبادی پر مشتمل ساڑھے چار کروڑ گھرانوں کی جیب میں بلا امتیاز ہیلتھ کارڈ ڈال دیا جس سے اب کوئی بھی شہری خواہ اس کا تعلق پی ٹی آئی سے ہو، مسلم لیگ یا پی پی پی سے وہ بلا تفریق بہترین پرائیویٹ ہسپتالوں میں جاکر اپنا اور اپنے اہل خانہ کا 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کرواسکتا ہے اور اس کیلئے اب کسی کو اپنے زیور، اپنا گھر اور اپنے اثاثے نہیں بیچنے پڑیں گے لہٰذا یہی ہے وہ ریاست مدینہ کا طرز حکومت جس کی عمران خان بات کرتے ہیں۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اسی لئے انہوں نے سابق حکمرانوں کی طرح لوٹ مار کرکے باہر جائیدادیں بنانے کی کوشش نہیں کی بلکہ ملکی وسائل کا رخ عوام کی جانب موڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری جس کی کوئی جدوجہد نہیں آج کہہ رہے ہیں کہ مجھے لیڈر مان لو صرف اسلئے کہ اس کے نام کے آگے زرداری لگا ہوا ہے مگر یہ عوام باشعور اور ان کی رعایا نہیں۔انہوں نے کہا کہ انہیں محترمہ بینظیر اوربھٹو کے جیالوں سے کوئی اختلاف نہیں لیکن یہ پاپڑ والے، فالودے والے، اومنی گروپ کے ملازم جن کی اپنی تنخواہ دس پندرہ ہزار ہوگی ان کے ناموں پر اربوں کی منی لانڈرنگ کر نے والے جیالے نہیں ہوسکتے اور نہ بلاول زرداری ان کا لیڈر ہوسکتا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ لانگ مارچ کے نام پر شارٹ مارچ والے بلاول ناصر باغ میں جلسی کرکے زرداری کی کرپشن بچانے نکلے ہیں لیکن انہیں دیکھ لینا چاہیے کہ عوام نے انہیں کس برے طریقے سے مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چوروں، ڈاکوؤں، لٹیروں کا محاسبہ جاری رہے گا اور وہ سن لیں ان کیلئے شیروانیاں نہیں بلکہ ہتھکڑیاں تیار ہیں اور جلد ان کی اگلی منزل جیل ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جب شریف برادران کی رمضان شوگر مل کے ملازمین اور مقصود چپڑاسی جیسے لوگوں کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلیں گے تو عوام کا حق بنتا ہے کہ وہ ان سے پوچھیں کہ یہ رقم ان کے پاس کہاں سے آئی اور جب سر پر ہیٹ رکھ کر اور لمبے بوٹ پہن کر شوبازی کرنیوالا کہے کہ اس نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی تو اس سے پوچھا جا ئے گا کہ ان کے اکاؤنٹس میں سولہ سولہ ارب کہاں سے اور کیسے آئے۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان نے سادگی کی مثال قائم کی اور نہ کوئی قطری خط دیا، نہ ہی سپریم کورٹ پر حملہ کیا، نہ ہی ججوں کو خریدنے اور ان کی وڈیوز بناکر بلیک میل کرنے کی کوشش کی، نہ ہی اداروں کو دھمکیاں دیں، پھر بھی یہ عمران پر انتقام کا الزام لگارہے ہیں جو انتقام نہیں بلکہ احتساب ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ ان لوگوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں بلکہ اصل میں یہ عوام کے بدترین دشمن ہیں کیونکہ ماضی میں جب کورونا کی وبا اور بعد میں یوکرین و رشیا جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھیں تو یہی شریف و زرداری کہتے تھے کہ قیمتیں کیوں بڑھائیں اور اب جب ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا اور حکومت کے پاس وسائل آئے تو اس نے عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے پٹرول، ڈیزل، بجلی کی قیمتیں کم کیں تو اب یہ روز ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر ڈرامہ لگارہے ہیں کہ قیمتیں کم کیوں کیں بلکہ شاہد خاقان عباسی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ آئی ایم ایف ناراض ہو جا ئے گا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وسائل کا رخ عوام کی طرف موڑ دیا ہے اور انہیں آئندہ بھی ریلیف دیتے رہیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ ان بہروپیوں کو پہچانیں جو ان کے ووٹ لیکر انہی سے دشمنی اور ریلیف کی مخالفت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے یہ لوگ پرچیاں لیکر اوباما کے سامنے بیٹھتے تھے اور کانپتے ہاتھوں سے پرچیاں بھی گم ہوجاتی تھیں لیکن ان کے مقابلے میں عمران خان ہے جسے روس کی تاریخ کا سب سے عظیم پروٹوکول ملا اور جو ملاقات ایک گھنٹے کیلئے ہونا تھی وہ تمام قواعد ہٹا کر چار گھنٹے کی کردی گئی اسی طرح ان کا چین کا دورہ بھی انتہائی کامیاب رہااور انہیں جگہ جگیہ ریڈ کارپٹ ویلکم سمیت گارڈ آف آنر بھی پیش کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ اب 23 مارچ کو پھر 57 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اسلام آباد آرہے ہیں جو ان کی عمران خان کی قیادت پر اعتماد کی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سب پر واضح کردیا ہے کہ انہیں صرف اور صرف ملکی عوام کا مفاد عزیز ہے اسی لئے صنعت کا پہیہ چل رہا ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری رواں دواں ہے، ملکی برآمدات بڑھ رہی ہیں، گروتھ میں اضافہ ہورہا ہے، روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں، مہنگائی میں کمی آرہی ہے، زرعی اجناس کی بمپر کراپس حاصل ہورہی ہیں اور ملک ترقی کی جانب رواں دواں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ جھکیں گے نہ اپنے لوگوں کو جھکنے دیں گے اسلئے کسی نے جوبھی فیصلہ کرنا ہے سوچ سمجھ کر کرے کیونکہ عمران کے نام پر ووٹ دینے والے اپنے ووٹ کی توہین برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران چوروں سے ہاتھ نہیں بلکہ عوام سے دل ملارہا ہے جو اس کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے اور اسے کبھی مایوس نہیں کریں گے۔
سورس:وی این ایس، فیصل آباد