اسلام آباد،21مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے ایک فعال رکن کے طور پر آذربائیجان کے تعاون کی تعریف کی ہے۔
جمہوریہ آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف نے وزیراعظم عمران خان سے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط اور پائیدار دفاعی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تجارت، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دی جانی چاہئے۔
وزیراعظم نے او آئی سی میں آذربائیجان کے جموں و کشمیر پر رابطہ گروپ میں ایک فعال رکن کے طور پر تعاون کو سراہا۔ انہوں نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کو زیرقبضہ علاقوں کو آزاد کرانے پر مبارکباد دی اور جنوبی قفقاز میں امن اور خوشخالی کے مقصد کے حصول میں آذربائیجان کی کوششوں کو سراہا۔
آذربائیجان کے وزیر دفاع نے آذربائیجان کے صدر کی جانب سے وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ پاکستان کے قومی دن کی 23 مارچ پریڈ میں آذربائیجان کی مسلح افواج کا دستہ بھی شرکت کرے گا۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد