وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گورنرسندھ عمران اسماعیل اور سندھ سے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس

14

اسلام آباد،07مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گورنرسندھ عمران اسماعیل اور سندھ سے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں معاشرے کے غریب طبقات کی سہولت کے لیے قومی صحت کارڈ، کامیاب جوان پروگرام اوراحساس راشن رعایت پروگرام جیسےتاریخی حکومتی اقدامات پر وزیراعظم کو سراہا گیا۔

اس موقع پر سندھ کے ارکان اسمبلی نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ سندھ کے لوگوں کے لئے بھی وفاقی فنڈز سے صحت کارڈ کا اجراء کیا جائے کیونکہ سندھ کی صوبائی حکومت اس مقصد کے لئے وسائل مختص کرنے کے لئے تیار نہیں۔وزیراعظم نے انہیں یقین دلایا کہ وہ سندھ کے عوام کے مفاد کے لیے اس سلسلے میں تمام ممکنہ آپشنز پر غور کر کے حل تلاش کریں گے۔

 اجلاس میں وفاقی وزراء اسد عمر، سید علی حیدر زیدی، محمد میاں سومرو اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر  نے شرکت کی۔ اراکین قومی اسمبلی کیپٹن جمیل خان، محمد اکرم چیمہ، آفتاب حسین صدیقی، محمد عالمگیر خان، سیف الرحمان، آفتاب جہانگیر، محمد اسلم، غزالہ سیفی، نصرت وحید، نزہت پٹھان، جل پرکاش یوکرانی، رمیش کمار اور لال چند ملہی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔