کراچی،12مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وکلاء کو انصاف کے نظام میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بات انہوں نے پاکستان سیکرٹریٹ میں ہفتہ کو فیڈرل سروس ٹربیونل(ایف ایس ٹی ) کیمپ کے سنگ بنیاد رکھنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں عبوری آئینی حکم (پی سی او ) کے ججز کی برطرفیوں سے خلا پیدا ہوا ہے اور ہم بہت سے اچھے ججز سے محروم ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو میرٹ کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر فروغ نسیم نے کہا کہ فیڈرل سروس ٹربیونل نے 80، 70 اور 90 کی دہائی میں میرٹ کی بنیاد پر اچھے فیصلے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل سروس ٹربیونل اور انکم ٹیکس ٹریبونل نے ماضی میں مشہور فیصلے سنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کو انصاف کے نظام میں اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘ایڈمنسٹریشن آف جسٹس’ پر توجہ نہیں دی گئی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم۔ پاکستان ملک اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے فیڈرل سروس ٹربیونل کے چیئرمین قاضی خالد علی کی خدمات اور فیصلوں پر ان کے کردار کو بھی سراہا۔
سورس: وی این ایس، کراچی











