پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی خریدو فروخت روکنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد

20

لاہور ، مارچ 7(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی مانیٹرنگ اتھارٹی کا18واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرحافظ شاہد،ڈین پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹیشن پروفیسر ڈاکٹرفیصل ڈار،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان اورمانیٹرنگ اتھارٹی کے مختلف ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں مالی سال2021-22کے بجٹ تخمینہ اور مالی سال2020-21 کے ریوائزڈ بجٹ کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے دوران پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی ہیلپ لائن کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے دوران آگاہی سیمینار منعقدکروانے کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے دوران اپنے جسمانی اعضاء عطیہ کرنے والے ڈونرز کی رجسٹری قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو صوبہ بھرمیں انسانی اعضاء کی غیرقانونی خریدو فروخت کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصرکے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو پنجاب کی عوام کیلئے سود مندبنارہے ہیں۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی کامیابی کیلئے اعدادو شمار انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔پنجا ب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے آگاہی سیمینارمیں تمام سٹیک ہولڈرزکو دعوت دی جائے گی۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی اصلاحات کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کا انٹرنل اور ایکسٹرنل آڈٹ کروایا جارہا ہے۔ پنجاب میں انسانی اعضاء کی غیرقانونی خریدوفروخت میں ملوث عناصرکیلئے قانون سخت کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔