کلین اینڈ گرین مہم کی کامیابی کے لئے تمام سرکاری محکموں کو مشترکہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھنا ہے؛ ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز

26

اوکاڑہ،22مارچ(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ میونسپل سروسز کی فراہمی کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے، کلین اینڈ گرین مہم کی کامیابی کے لئے تمام سرکاری محکموں کو مشترکہ لائحہ عمل کے تحت آگے بڑھنا ہے، پارکوں کی صفائی اور دیکھ بھال کے لئے متعین عملہ لگاتار کوششیں جاری رکھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر کالونی ،نواب کالونی میں پبلک پارکس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے چیف آفیسر عمر نسیم کو ہدایت کی کہ وہ شہر اور مضافاتی علاقوں کی صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ پارکوں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیں، پارکوں میں پھلدار پودوں کے ساتھ سدابہار درخت اور پھولدار پودے بھی لگائے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں جس جگہ ڈسٹ بین نہیں لگے وہاں پر ڈسٹ بین لگائے جائیں اور پارکوں میں ٹوٹے ہوئے اور خراب ڈسٹ بین فوراََ تبدیل کئے جائیں۔