اسلام آباد،23مارچ (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ہم تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے حوالے سے پرامید ہیں، وزیراعظم کے پاس بہت کارڈز ہیں۔
بدھ کو یہاں وزیر اعظم ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 25 تاریخ کو قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا، روایت کے مطابق وفات پانے والے ایم این اے کے ایصال ثواب کے لیے دعا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 30 مارچ سے یکم اپریل تک سپیکر جس دن کے لیے چاہے گا ووٹنگ کا دن مقرر کرے گا۔ 27 مارچ کے جلسے میں واضح ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن اگر پراعتماد ہے تو ہم بھی پراعتماد ہیں، تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے لیے پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک وزیراعظم کے پاس بھی بہت کارڈز ہیں، امید ہے کہ اتحادی عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔
سورس؛وی این ایس، اسلام آباد