یومِ پاکستان؛ برسلز میں پاکستانی سفارتخانہ میں تقریب ، سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے قومی پرچم لہرایا

23

برسلز،23 مارچ (اے پی پی ):   یومِ پاکستان کے تناظر میں سفارتخانہ  پاکستان برسلز میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یوروپی یونین ، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے قومی پرچم لہرایا۔

اس موقع پر صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان نے اپنے اپنے پیغامات میں قوم کو مبارکباد پیش کی اور قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر  سماجی    فلاحی   ریاست بنانے کے   عزم کا اعادہ کیا۔

اپنے پیغام میں  سفیرِ پاکستان ظہیر  جنجوعہ نے برصغیر کے مسلمانوں کی ایک آزاد وطن کے لئے تاریخی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا ، جہاں وہ پوری مذہبی ، ثقافتی اور معاشرتی آزادیوں کے ساتھ اپنی زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے شاعر فلسفی ، علامہ محمد اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح کے نظریات  اور  وژن کی اہمیت پر زور دیا ، جنہوں نے پاکستان کو ایک ترقی پسند ، اعتدال پسند اور جمہوری ملک ہونے کا تصور دیا۔

 سفیرِ پاکستان نے مزید کہاکہ اس  برس ہم اپنی آزادی کی 75 ویں سالگرہ منائیں گے۔ جو اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ قوم تمام مشکلات پر اجتماعی کوششوں اور استقامت سے قابو پاتے ہوئے اپنے وطن عزیز کی آزادی اور خودمختاری کا تحفظ کرنے میں کامیاب رہی ہے۔

پاکستان کی ترقی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں  کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے سفیر  ِ پاکستان  نے حکومت کی طرف سے ان کے مسائل حل کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی  کمیونٹی  کی حوصلہ افزائی  کرتے ہوئے  انہیں  پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔

سفیر  ِ پاکستان  نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری بھائیوں کی اقوام متحدہ کی ضمانت کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی جائے ۔

آرگنائزیشن آف اسلامی کوآپریشن(او آئی سی) کے 48 ویں اجلاس کے  پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے سفیر پاکستان نے کہا کہ اس اجلاس میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے امت مسلمہ کو درپیش انتہائی اہم مسائل بشمول مسئلہ کشمیر، فلسطین اور افغانستان سمیت دیگر امور پر اجتماعی لائحہ عمل طے کیا۔ اس اجلاس کی  اہمیت  کی ایک اور وجہ  یہ بھی ہے کہ تاریخ میں پہلی بار چینی وزیر خارجہ وانگ یی  نے او آئی سی   کےاجلاس میں شرکت کی، جو چین کے  مسلم امہ سے تعلقات میں وسعت کے حوالے سے انتہائی اہم قدم ہونے کے ساتھ ساتھ  پاکستان کے لئے ایک انتہائی اہم سفارتی کامیابی ہے۔

بیلجیئم کے مختلف شہروں بشمول برسلز، گینٹ، لیج اور لیوین کے ساتھ ساتھ لکسمبرگ سے کمیونٹی ممبران نے پورے جوش و خروش کے ساتھ اس تقریب میں شرکت کی۔