یوم پاکستان؛گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے 12 شخصیات کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نوازا

4

لاہور، 23مارچ(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صدر پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالی  12شخصیات کو یوم پاکستان پرسول ایوارڈز سے نوازا۔

بدھ کے روز گور نر ہائوس لاہور میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی جبکہ اس موقع پرصوبائی وزیر مذہبی امور سید سیدالحسن شاہ اور چیف سیکرٹری پنجاب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ تقر یب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ڈاکٹر عرفان اللہ خان ،ڈاکٹر آفتاب محمد رفیق اور پروفیسرڈاکٹر محمد جنید مغل کو سائنس کے شعبے میں ،پروفیسر ڈاکٹرروبینہ فاروق کو شعبہ تعلیم ،محمد انیس ناگی مر حوم کو ادب کے شعبے میں بدازمرگ ،فلم سٹار صائمہ نور کو شعبہ اداکاری ،منصور حسن صدیقی کو خدمات عامہ میں تمغہ امتیاز ، رفعت عباس المعروف غلام عباس کو ادب ،پاکستان کے نامور اداکار فلم سٹارشاہد کو فن اداکاری،نامور نعت خواں نور محمد جرال کو نعت خوانی ،شعبہ اداکاری میں نمایاں کارکردگی پر شہر یار زیدی کو صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے نواز ا جبکہ ماضی کی نامور اداکارہ نیلو کو شعبہ فن اداکاری میں بدازمرگ صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جو ان کے بیٹے نامور اداکار فلم سٹار شان نے وصول کیا ہے جبکہ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ایوارڈ حاصل کرنیوالوں کو مبارکباد بھی دی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ یہ وطن عزیز ہمارے آبا ئواجداد نے جہد مسلسل اور قر بانیوں کے بعد حاصل کیا ہے اور ہمارا نظر یہ صرف ایک ہے کہ ملک کو مضبوط ،خوشحال پرامن اور مستحکم بنانا ہے جس کے لیے لازم ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے زریں اصول ایمان، اتحاداور تنظیم پر عمل کیا جائے گا اور جس کو اللہ تعالی نے جو ذمہ داری دی ہے وہ اس کے ساتھ مکمل انصاف کر ے۔ اُنہوں نے کہا کہ جب سب ایمانداری اور محنت سے کام کر یں گے تو پاکستان کو آگے بڑھنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔

گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی صورت میں عوام کو اپنے حقوق اور مذہبی آزادی ملی ہے ہم سب نے مل کراپنے پیارے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور پر امن بنانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں اقلیتوں کو جتنی مذہبی آزادی اور تحفظ حاصل ہے اس کی پورے خطے اور دنیا میں مثال نہیں ملتی ۔ اُنہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوشاں ہے۔