اٹک،29اپریل(اے پی پی):ضلع اٹک میں پولیو مہم 23مٸی سے 27 مٸی تک جاری رہے گی، اس مہم میں پانچ سال سے کم عمر تین لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی زیرصدارت انسداد پولیو مہم کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی آفس اٹک میں منعقد ہوا۔
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہی نے ڈی سی اٹک اور دیگر شرکاء کوآمدہ پولیو مہم کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بر یفنگ دیتے ہوئے بتا یا گیا کہ پولیو مہم کے سلسلے میں ضلع بھرمیں بھر پور انتظامات کیئے جا رہے ہیں۔ضلع بھر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر پولیو ٹیمیں پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔اس کے علاوہ رومنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جو گھرگھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔قطرے پلانے والی تمام ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کی جائے گی۔
اجلاس میں پولیو ٹیموں کی ٹریننگ کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کی مکمل تربیت کے حوالے سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہی نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران لاپرواہی برتنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لاٸی جاۓ گی۔
ڈی سی اٹک محمد نعیم سندھو نے اس موقع پرضلع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ محکمہ صحت اٹک کے ساتھ اس مہم میں بھرپور تعاون کریں۔
اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔