مظفرگڑھ،29اپریل (اےپی پی): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں رمضان بازاروں میں اشیاء خورد و نوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ رمضان بازار میں تمام اشیاء خورد نوش معیاری اور سستی ہیں۔
یہ بات انہوں نے یہاں قائم رمضان بازار کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ نے رمضان بازار میں موجود خریداروں سے اشیاء کے معیار اور قیمت کے بارے میں دریافت کیا جس پر خریداروں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازار میں تمام اشیاء اوپن مارکیٹ سے تقریباً دس روپے فی کلو کم پر دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپ پر قیمت اور بھی کم ہیں اس کے علاوہ چینی اور آٹے پر حکومت کی طرف سے سبسڈی فراہم کی گئی ہے جس سے عوام کو زیادہ ریلیف میسر آ رہا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے اسٹنٹ کمشنر مظفرگڑہ کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر رمضان بازاروں کا معائنہ کریں اور اشیاء خوردونوش کی معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیں۔ اسٹنٹ کمشنر مظفرگڑہ جمیل حیدر شاہ نے بتایا کہ ضلع بھر میں 8 رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں پر تمام اشیاء خوردونوش وافر مقدار میں موجود ہیں اور بازار سے کم قیمت پر دستیاب ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور اشیاء خوردونوش کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رمضان بازار میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر کے لئے تعریفی اسناد فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وہ رمضان بازار میں خواتین کے لئے چوڑیوں اور مہندی کے اسٹال بھی لگوائیں۔