شجاع آباد میں جمعہ الوداع جوش و خروش سے منایا جا رہا،عبادات کا خصوصی اہتمام

14

شجاع آباد، 29 اپریل (اے پی پی): ملک بھر کی طرح شجاع آباد میں بھی جمعہ الوداع جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، ماہ رمضان المبارک کا مہینہ اپنی برکتوں اور رحمتوں کو سمیٹے اپنے اختتام کو پہنچ رہاہے، دنیابھر کے مسلمان اس ماہ مقدس کے آخری عشرے میں اپنے رب کے حضور زیادہ سے زیادہ عبادات بجا لانے میں مصروف ہیں۔آخری عشرے کی طاق راتیں شب قدر کہلاتی ہیں۔رسول صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کا ارشاد گرامی ہے کہ جمعۃالمبارک کا دن سید الایام ہے اور تمام دنوں سے افضل و بر تر ہے۔اس لیے کہ مسلمانوں کے لیے یہ دن سلامتی و رحمت کا حامل ہے، جسکی بڑی اہمیت و فضلیت ہے رمضان کریم کے جمعہ کی اہمیت اور بھی زیادہ ہو جاتی ہے کیونکہ جمعۃ المبارک میں رمضان الکریم کی فضیلتیں بھی شامل ہو جاتیں ہیں جمعتہ الوداع اس لحاظ سے بھی بڑا اہم ہے کہ یہ جمعہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں آتا ہے،جسے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم نے جہنم سے آزادی کا عشرہ قرار دیا ہے۔ویسے تو تمام دن اور تمام راتیں ہی اللہ رب العزت کے قانونِ قدرت میں ہیں تاہم اللہ تعالی ٰ نے بعض ایام کو دوسرے ایام پر اور بعض راتوں کو دوسری راتوں پر فوقیت دے رکھی ہے۔ہفتے کے سات ایام میں جمعہ کے دن کو اللہ نے خصوصی فضیلت عطا کی ہے اِس دن کو بے شمار رحمتوں اور برکتوں سے نواز رکھا ہےجمعہ کی اہمیت کااندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ خود اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں سورت الجمعہ کے نام سے سورت مبارکہ نازل کر کے اِس دن کی اہمیت کو اہل اسلام کے لئے واضح کر دیاہے جمعۃ المبارک کو دین اسلام میں خاص دن کی حیثیت حاصل ہے، اِس دن کو دنوں کا سردار بھی کہا جاتا ہے۔