فیصل آباد، 29 اپریل (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ حافظ محمد امجدنے مسجد نبویؐ میں گزشتہ روز رونما ہونیوالے دلخراش واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد نبویؐ میں ہونیوالے واقعہ نے پوری دنیا میں پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں جبکہ عمرانی ٹولہ اقتدار چھن جانے پر انتشار پھیلا رہا ہے لہٰذا حکومت ان کی اس قبیح حرکت کا فوری سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی یقینی بنائے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی گھٹیا حرکت کا ارتکاب کرنے کی جرات نہ ہوسکے۔
وہ لائلپور مسلم لیگ ن ہاؤس شیخوپورہ روڈ فیصل آباد میں جمعہ کی سہ پہر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جس میں ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ فیصل آبادمولاناخالد محمو اور دیگر علما و مشائخ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ روضہ رسول ؐ پر صحابہ کرام بھی اپنی آواز نیچی رکھتے تھے کہ بے ادبی نہ ہوجائے مگر ذہنی مریضوں نے ثابت کردیا کہ ان کے نزدیک ادب، احترام، تقدس اور اخلاقیات محض افسانوی باتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسجد نبویؐ میں احتجاج کی صورت میں جو حرم شریف کی پامالی کی گئی وہ اسلام میں بالکل درست نہیں اور نہ ہی کوئی بھی ذی شعور مسلمان اس کو برداشت کر سکتا ہے۔
صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ مسجد نبوی ؐ وہ جگہ ہے جہاں آواز بلند کرنے کی بھی ممانعت ہے مگر مٹھی بھر شر پسند عناصراپنی سیاسی دشمنیاں نبھانے کیلئے حرم کی حرمت تک کو بھول گئے جبکہ ان کا یہ عمل ریاست مدینہ کے تقدس سے بھی منکر ہونے کے مترادف ہے نیزعالم اقوام میں آج پاکستان کی شناخت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاجس کی کبھی تلافی نہ ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ مسجد نبوی ؐ محسن بشریت سرور کائنات فخر موجودات ؐ کا مرقدہے اوروہ نبی رحمتؐ جن کے روبرو آواز بڑھانے سے روکا گیااس مقام کا انتہائی عظیم تقدس ہے مگر حیرت ہے کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والوں نے آج جہاں اپنی اصلیت ظاہر کی وہیں ملک کے وقار کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن اتنی مقدس جگہ جہاں دنیا بھر سے فرزندان توحید رمضان کے آخری عشرہ کی فیوض و برکات سے مستفید ہونے کیلئے آئے ہوئے تھے چند شرپسند عناصر نے انسانیت و اخلاق سے گری ہوئی حرکت کرکے دنیا بھر میں پاکستانیوں کے سر شرم سے جھکا دیئے ہیں۔
صاحبزادہ حافظ محمد امجد نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ذی شعور شخص اس درجہ حماقت کی حمایت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک فتنہ ہے جس کا فوری تدارک کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ مقام سیاست کا نہیں بلکہ شفاعت کا ہے جہاں کسی جماعت، گروہ یا رنگ و نسل کی بجائے سب صرف اور صرف مسلمان اور محمد عربیؐ کے غلام،اللہ کے بندے اور اس کے در کے فقیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن کو رسالتؐ کی حرمت کا پاس نہیں وہ کس منہ سے مقدس سرزمین کا رخ اور اپنی عاقبت خراب کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غیر مناسب رویہ اور اپنے اعمال ضائع کرنے کے مترادف اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ حرمت رسول ؐ کو پامال کرنے کی ناپاک جسارت کر نیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں لہٰذا اس ٹولہ کو نشان عبرت بنایا جا ئے تاکہ آئندہ کسی کو اتنی گھٹیا غیر اسلامی، غیر قانونی، غیر انسانی، غیر اخلاقی جسارت کی جرات نہ ہوسکے۔
انہوں نے دعاکی کہ اللہ پاک سب کو مقامات مقدسہ کاادب و احترام اور آئندہ اس قسم کی شرمناک حرکت سے اجتناب کی توفیق دے تاکہ ہم اللہ کے قہر سے بچ سکیں۔