اسلام آباد،29 اپریل (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف خوش آئند ہے،خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کا مستقل حل ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی سے گفتگو میں کیا،جنہوں نے جمعہ کو یہاں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی۔ملاقات میں دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ مذہب، تاریخ، ثقافت اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ توانائی،تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے،پارلیمانی سطح پر رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ القدس شریف کو اسرائیلی تسلط سے واگزار کرنے کے لیے مسلم اُمہ کو مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، کشمیر اور فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں انتہائی قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور القدس شریف پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے امہ کو ملکر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے ساتھ توانائی اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ القدس شریف میں جاری غیر قانونی قبضے کے خلاف آج دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں القدس کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور خصوصی دن پر منایا جا رہا ہے، القدس شریف کی حرمت، تقدس اور اس پر اسرائیلی غیر قانونی قبضے سے واگزار کرنے کے لیے امہ کو مشترکہ کوششیں کرنی ہونگی۔