انشورنس شعبہ کو توسیع دینے اور انشورنس کے حصول میں ممکنہ خطرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، صدر عارف علوی کی  وفاقی انشورنس محتسب سیکرٹریٹ کراچی کے دورہ  کے موقع پر گفتگو

19

کراچی ۔21مئی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے انشورنس شعبہ کو توسیع دینے اور انشورنس کے حصول میں ممکنہ خطرات سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو وفاقی انشورنس محتسب سیکرٹریٹ کراچی کے دورہ کے موقع پر کیا۔ صدر مملکت نے اپنے دورہ کے دوران انشورنس شکایات کو بہترین انداز میں حل کرکے عوامی شکایات نمٹانے پر وفاقی انشورنس محتسب کی تعریف کی۔ انہوں نے گذشتہ دو سال کے دوران 2 ارب روپے کا مالیاتی ریلیف فراہم کرنے پر انشورنس محتسب کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انشورنس کے شعبہ کو مستحکم کرنے کی مزید ضرورت ہے۔ اس حوالہ سے انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ ملک کی جی ڈی پی میں انشورنس کے شعبہ کی شراکت کو بڑھانے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری شعبہ کی انشورنس کمپنیوں کو بھی وفاقی انشورنس محتسب کے دائرہ کار میں لایا جائے۔ انہوں نے انشورنس محتسب کو مشورہ دیا کہ وہ انشورنس کمپنیوں کا کنونشن بلائیں، یہ انشورنس کے حصول کے فوائدکو سامنے لانے کا بہترین راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی انشورنس محتسب کو مؤثر میڈیا مہم کے ذریعے اپنے کئے گئے نمایاں فیصلوں کو وسیع تناظر میں عوام تک پہنچانا چاہئے، اس سے انشورنس کے شعبہ پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔