دیپالپور؛ سیوریج منصوبے کے حوالے سے محکمہ پبلک ہیلتھ کی ایم پی اے ملک علی عباس کو بریفنگ

5

دیپالپور ،20مئی  (اے پی پی):تیس کروڑ روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے سیوریج منصوبے کے حوالے سے محکمہ پبلک ہیلتھ نے ایم پی اے ملک علی عباس کھوکھر کو بریفنگ  دی۔

بریفنگ   میں کہا گیا کہ منصوبے کا پچانوے فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، باقی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی  گئیں ہیں ، پانچ سال قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے سابقہ  دور حکومت میں تیس کروڑ روپے کی خطیر گرانٹ سے شروع ہونے والا منصوبہ ، گزشتہ چار سالوں سے فنڈز کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے  انتہائی سست روی کا شکار تھا، موجودہ حکومت میں فنڈز کی فراہمی کے بعد تکمیل کے آخری مراحل میں پہنچ چکا ہے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیپالپور شہر کے جنوبی حصے کے سیوریج سسٹم کی فوری بحالی کے لئے کام تیزی سے جاری ہے آئندہ پندرہ دنوں تک منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا جس سے دیپالپور شہر کے جنوبی اور مغربی علاقوں کے سیوریج کے پانی کی نکاسی کا عمل بہتر ہو جائے گا۔

اس حوالے سے رکن صوبائی اسمبلی ملک علی عباس کھوکھر نے منصوبے کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات جا ری کیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس ہے اور ان مشکلات کے ازالے لے لئے دن رات کوشش کی جا رہی ہے۔

 اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کےضلعی رہنماء سابق وائس چئیرمین ضلع کونسل راو سعد اجمل خان بھی موجود تھے۔