ضلع بھر میں ہیٹ سٹروک سے متعلق رسپونس سنٹرز بنائے جائیں،ہیٹ سٹروک سے بچنے کے لئے محکمہ صحت کی جاری ہدایات پر عمل کریں؛ڈی سی اوکاڑہ

5

اوکاڑہ،13مئی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجازنے کہا ہے کہ ضلع میں شدید گرمی کی صورت حال کے پیش نظر محکمہ صحت عام لوگوں کی آگاہی کے لئے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کرے، ضلع کونسل اور میونسپل کارپوریشنز شہروں میں پینے کے ٹھنڈے پانی کے پوائنٹس قائم کریں، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹس تاجر تنظیموں کے تعاون سے بازاروں میں پینے کے صاف پانی کے انتظامات کروائیں، تعلیمی اداروں میں بچوں کے لئے صاف پانی کو یقینی بنایا جائے، ضلع بھر میں ہیٹ سٹروک سے متعلق رسپونس سنٹرز بنائے جائیں تاکہ ایمر جنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیٹ سٹروک سے متاثر افراد کو طبی امداد فراہم کی جاسکے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع میں ہیٹ سٹروک کے پیش نظر لوگوں کو گرمی اور لو کی شدت سے بچانے کے لئے انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔

 محکمہ موسمیات کے ضلعی انچارج اعجاز امین نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع اوکاڑہ میں آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں قائم امتحانی سنٹروں میں پینے کے صاف پانی اور او آر ایس ملے پانی کی دستیابی کو یقینی بنائیں، ضلع میں قائم تمام رسپونس سنٹرز کے فوکل پرسنزبنائیں جائیں، امتحانی سنٹروں میں فرسٹ ایڈ کی سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے زیر انتظام دفاتر میں ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق لوگوں کو ہیٹ سٹروک سے بچانے سے متعلق آگاہی پر مبنی بینرز آویزاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی شدت سے لوگوں کو بچانے کے لئے ہمیں لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے متعلق آگاہی دینا ہے جس کے لئے انتہائی ضرورت کے تحت گھروں سے نکلیں،گرمی سے بچاوَ کے لئے سر ڈھانپ کر رکھیں ،کھلے کپڑے پہنیں پانی کا زیادہ سےزیادہ استعمال کریں اور محکمہ صحت نےہیٹ سٹروک سےبچنے کے لئے جو ہدایات جاری کی ہیں ان پرعمل کریں۔