عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے؛ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز

14

لاہور ، 13 مئی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ   مہنگائی کی جو بھی وجہ ہو، مجھے پریشان عوام کو ریلیف دینا ہے،غیر معمولی حالات میں فوری اقدامات کے متقاضی ہیں۔  عام آدمی کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا  اظہار وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے منعقدہ  اجلاس کی صدارت کرتے  ہوئے  کیا۔وزیراعلی حمزہ شہباز نے خود اضلاع کے اچانک دورے  کرنے کا فیصلہ کیا اور چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی فیلڈ کے دوروں کی ہدایت  دی۔اجلاس میں وزیر اعلی آفس میں چیف منسٹر پرائس کنٹرول سیل قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دے کر ازسر نو فعال کر دیا گیا ہے۔فوکل پرسن عوام کو اشیاء ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں دستیابی کو یقینی بنانے میں متحرک کردار کریں گے۔انہوں نے کہا کہ گھی، آٹے،چینی، چکن اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو گا۔آٹے اور چینی کی ذخیرہ اندوزی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا انتظامیہ ذخیرہ اندوزوں پر کڑی نظر رکھے۔

اجلاس کو سیکرٹری صنعت نے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کے بارے بریفنگ دی ۔ اراکین پنجاب اسمبلی سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، ذیشان رفیق،  ٹکٹ ہولڈر حافظ محمد نعمان، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے  اجلاس میں شرکت کی۔