ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور صنعتی ترقی کیلئے بجلی کے پیداواری منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے، وفاقی وزیر آبی وسائل سیّد خورشید شاہ

2

اسلام آباد۔11مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر آبی وسائل سیّد خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے اور صنعتی ترقی کیلئے بجلی کے پیداواری منصوبے تیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے، ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ بہتر آبپاشی کے ذریعے ہم زرعی پیداوار میں بھی اضافہ کر سکیں گے۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں واپڈا کی طرف سے مختلف منصوبوں کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا۔ سیّد خورشید شاہ نے کہا کہ بجلی کے پیداواری منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف ملک کو اندھیروں سے نکالا جائے بلکہ تیز رفتارصنعتی ترقی کو بھی ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز کی دستیابی کے باوجود بجلی کے منصوبوں پر کام کی سست روی قابل ستائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام کرنے کی ضرورت ہے اور ان منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم کے طور پر کام کریں گے تاکہ ان منصوبوں سے جلد اور بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈروپاورپراجیکٹ، کرم تنگی ڈیم کی تعمیر اور تربیلا ڈیم کے توسیعی پروگرام پر تیزی سے کام مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ڈیموں کو دورہ کریں گے اور ترقیاتی کاموں کا خود جائزہ لیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ بہتر آبپاشی کے ذریعے ہم اپنی زرعی پیداوار میں اضافہ بھی کر سکیں گے۔