نجی شعبہ خواتین کے لئے روزگار کے مواقع بڑھا  ئے ،  صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا  کراچی میں تقریب سے خطاب

19

کراچی ۔21مئی  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی شعبے میں خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو معذور افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں ملازمت کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دینی چاہیے۔یہ بات انہوں نے یہاں مقامی ہوٹل میں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف ایف) کے زیر اہتمام 16ویں پیشہ ورانہ حفاظت، صحت اور بہبود کانفرنس اور ایوارڈز 2022 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈیمانڈ پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت اور تعلیم وقت کی ضرورت ہے اور حکومت اس پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی نظام بدل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ شہر میں بہت سی صنعتیں ہیں جو دھوئیں اور پانی کی آلودگی کی ذمہ دار ہیں۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ان صنعتوں کو سوچنا چاہیے اور کلین اینڈ گرین سٹی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صدرمملکت نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا شعبہ مارکیٹوں پر قبضہ کر رہا ہے اور کوئی بھی کمپنی آئی ٹی کے ذریعے اپنے صارفین تک آسانی سے پہنچ سکتی ہے۔ ڈاکٹر علوی نے سیاحت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے لیے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،ملک میں اس کے خریدار (سیاح) پہلے سے ہی موجود ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ملازمین کی پیشہ ورانہ حفاظت، صحت اور بہبود کے بارے میں کچھ کمپنیوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔

بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جیتنے والوں (کمپنیوں) میں 16ویں پیشہ ورانہ حفاظت، صحت اور فلاح و بہبود کے ایوارڈز تقسیم کیے۔قبل ازیں ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان (ای ایف پی) کے صدر اسماعیل ستار اور ای ایف پی کے نائب صدر ذکی احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔