وزراء اور وزارتوں سے متعلقہ اعلیٰ حکام کی وقفہ سوالات کے دوران ایوان میں حاضری یقینی بنائیں،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی

4

اسلام آباد۔13مئی  (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزراء اور وزارتوں سے متعلقہ اعلیٰ حکام کی وقفہ سوالات کے دوران ایوان میں حاضری یقینی بنائے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وزراء اور وزارتوں کے اعلیٰ حکام کی عدم موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام وقفہ سوالات کے دوران یہاں موجود ہونے چاہئیں۔ وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور سے ہدایات جاری کرنے کے لئے سرکلر جاری کیا گیا کہ وزراء بھی یہاں موجود ہوں اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی یہاں آئیں۔ پارلیمان کو اگر گزشتہ چار سال میں بے توقیر کیا گیا، اب یہ سلسلہ نہیں ہونا چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزارت پارلیمانی امور یہ یقینی بنائے کہ متعلقہ وزارت کے اعلیٰ حکام یہاں موجود ہوں۔ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ وزراء کی پہلی دو لائنیں خالی ہیں، اپوزیشن لیڈر کا تقرر نہیں ہو رہا۔ ڈپٹی سپیکر نے وزیر پارلیمانی امور کو ہدایت کی کہ وزراء کو ہدایت دیں کہ وزراء یہاں آئیں اور سوالوں کے جواب دیں ایسے ایوان کی کارروائی نہیں چلتی۔