وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر کی زیر قیادت بی او آئی کی ساتویں ای کچہری کا انعقاد

16

اسلام آباد،18مئی  (اے پی پی):سرمایہ کاری بورڈ (بی او آئی) کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر کی زیر قیادت  بی او آئی کی 7 ویں ای کچہری کا انعقاد ہوا۔  اس موقع پر وزیر اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے شرکاء کو ملک میں مقامی و غیرملکی سرمایہ کاری متوجہ کرنے کے حوالے سے بی او آئی کے کردار سے آگاہ کیا اور ان کے سوالات کے جواب دیئے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے متعدد سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملک میں کاروباری مشکلات کے خاتمہ کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے مختلف ممالک میں تعینات کئے گئے اعزازی انویسٹمنٹ قونصلرز نے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

 سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر نے ای کچہری کے شرکاء کو مستقبل میں ہونے والی گلوبل انویسٹمنٹ سمٹ کے بارے میں بھی بتایا جو جلد ہی بی او آئی کے زیرانتظام منعقد ہوگی جس میں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے سرمایہ کار شریک ہوں گے اور ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ای کچہری کے دوران خصوصی زونز، ون ونڈو آپریشن، مشترکہ منصوبوں، بزنس ویزوں کے اجراء اور آن لائن درخواستوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران مختلف محکموں اور اداروں کے حوالے سے مختلف شکایات بھی کی گئیں اور بی او آئی نے ان شکایات کے فوری حل کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کا فیصلہ کیا۔

 ای کچہری کے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے بی او آ:ی کی ٹیم کی کاوشوں سے بھی آگاہ کیا گیا تاکہ ملک میں سازگار کاروباری ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ دو گھنٹوں تک جاری رہنے والی ای کچہری کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں تک رسائی کو یقینی بنایا گیا۔

 زوم اور ٹیلی فون کے ذریعے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تجاویز اور مختلف منصوبے بی او آئی سے شیئر کریں تاکہ سرمایہ کاری جیسے انتہائی اہم شعبہ میں اشتراک کار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔