کرم پولیس نے پکڑے جانے والی 19 من سے زائد منشیات نذر آتش کردی

1

پاراچنار،21 مئی  (اے پی پی ):کرم پولیس نے پکڑے جانے والی 19 من سے زائد منشیات نذر آتش کردی ہے ۔نارکوٹکس سکواڈ کے انچارج زاہد حسین طوری نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے منشیات سمگلروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور آج مختلف کارروائیوں کے دوران پکڑے جانے والی لاکھوں مالیت کی منشیات نذر آتش کردی گئی ہے  جس میں 781 کلوگرام چرس ، 179 گرام آئس ، 128 گرام ہیروئن اور 33 بوتل شراب شامل تھی۔

 انہوں نے کہا کہ 42 مقدمات کا فیصلہ سنا دیا گیا جس میں بیشتر ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے ، منشیات کے خلاف کارروائیاں ان کی مکمل بیخ کنی تک جاری رہے گی۔

 اس موقع پر جوڈیشل مجسٹریٹ شیراز خان ، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نورسلام وزیر ، ڈی ایس پی مظہر علی ،ایس ایچ او مشاہد علی ، تفتیشی افسران آصف علی اور نور ولی اور تنظیم تحفظ ملت کے صدر مسرت بنگش اور دیگر قبائلی عمائدین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مسرت بنگش کا کہنا تھا کہ منشیات معاشرے کیلئے ناسور ہے اور پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کیخلاف اقدامات قابل ستائش ہے۔

سورس:وی  این ایس، پاراچنار