اٹک،18 مئی ( اے پی پی ): پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے ملک کو دائو پر لگا دیا ہے ، انہیں نہ تو امریکہ سے کوئی خط آیا ہے اور نہ ہی ان کی جان کو کوئی خطرہ ہے بلکہ اصل خطرہ پاکستان کو عمران خان اور پی ٹی آئی سے ہے ، عمران نیازی نے قوم میں نفرت کا بیج بویا ہے اور اس قدر نفرتیں بڑھ رہی ہیں کہ خدانخواستہ پاکستان کسی نقصان سے دوچار نہ ہو جائے،عمران نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی و قانونی طور پر مکمل ہوئی جس کے نتیجے میں میاں شہباز شریف کی قیادت میں مخلوط حکومت معرض وجود میں آئی اس لئے اب اگست 2023 تک حکومت کو چلنے دیا جائے ،شریف خاندان ملک و قوم کی تقدیر بدلنا چاہتا ہے اور تاریخ دیکھے گی کہ یہی خاندان تقدیر بدلےگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ عمران خان سے کوئی چار سال کی کارکردگی پوچھے تو امریکہ کا دکھا دیتے ہیں، کسی منصوبہ کے بارے میں پوچھا جائے تو اپنی جان کو خطرہ لاحق قرار دیتے ہیں کیونکہ قوم کیلئے انہوں نے دھیلے کا کام نہیں کیا الٹا ملک کو کئی سال پیچھے لے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس ملک میں لوگوں کو چین سے نہ بیٹھنے دیا جائے اور بے بنیاد قسم کے خطرناک ترین بیانات عمران نیازی کی طرف سے آئیں تو ڈالر اور قیمتیں اوپر کی طرف ہی جائیں گی۔
مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابق دور میں چینی ، گھی، بجلی ، پیٹرول اور ڈالر کی قیمتیں کیا تھیں اور عمران نیازی کے چار سالہ دور میں کیا رہیں؟ تقابل کر لیا جائے تو سب کچھ سامنے آ جاتا ہے کہ پی ٹی آئی کا بدترین دور تھا جس میں قوم ایسے نقصان سے دوچار ہوئی جس کے اثرات آئندہ بھی کئی سالوں تک قائم رہیں گے۔ انسان لرز جاتا ہے جب کوئی دیکھتا ہے کہ عمران نیازی نے نوجوان نسل کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ہے ۔
شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ملک کے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں وہ ایسا کردار ادا کریں کہ کل ملک کا بوجھ ان کے کاندھے سہہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل بشمول خواتین سے کہوں گا کہ وہ سوچ سمجھ کر چلیں جو بھی قدم اٹھائیں ان کے سامنے صرف مضبوط اور عظیم پاکستان ہونا چاہئے اور جب الیکشن ہو تو اپنی مرضی سے ووٹ ڈالیں لیکن انتشار اور نفرت کا راستہ مت اپنائیں۔
امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی ون شیخ سلمان سرور، پاکستان مسلم لیگ(ن) ضلع اٹک کے صدر محمد سلیم شہزاد، نائب صدر سیٹھ افتخارخاور ڈار، سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد ، سینئر لیگی رہنما شیخ محمد اجمل، طلال بٹ اور معروف صحافی نثار علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔