اوکاڑہ؛سرکاری محکموں نے ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام اورریسکیو 1122کے زیرانتظام ہونےو الی موک ایکسر سائز میں بھرپور طریقہ سے شمولیت کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے،طاہر امین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس

12

اوکاڑہ،17مئی(اے پی پی): طاہر امین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس نے کہا کہ سرکاری محکموں نے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام اور ریسکیو 1122کے زیر انتظام ہونےو الی موک ایکسر سائز میں بھرپور طریقہ سے شمولیت کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لئے محکموں کی استعداد کار کو جانچنا ،باہمی ربط و ربط کے ذریعے اقدامات کو حتمی شکل دینے کی منصوبہ بندی اور کم سے کم وقت میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے اقدامات موک ایکسر سائز کا بنیادی مقصدہے ،  آنے والے دنوں میں متوقع سیلابی صورتحال سے نپٹنے کے لئے ہر محکمہ تیار ہے ہم اپنے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے نہ صرف تمام وسائل بروئے کار لائیں گے بلکہ ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اور سرکاری ادارے سب سے پہلے لوگوں کی مددکے لئے موجود ہوں۔

 ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین نے موک ایکسر سائز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں محکمہ تعلیم کے بوائز سکاؤٹس نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی اور  ریسکیو 1122کے کشتیو ں کے دستہ نے مارچ پاسٹ کیا ۔

اس موقع ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر 1122چوہدری ظفر اقبال نے موک ایکسر سائز کی غرض و غایت پر روشنی ڈالی اور  انہوں نے موک ایکسر سائز میں حصہ لینے والے محکمہ صحت ،محکمہ تعلیم ،لائیوسٹاک، زراعت ،سوئی گیس، سول ڈیفنس، پولیس، میونسپل کارپوریشن ،محکمہ تعلقات عامہ، یونیورسٹی آف اوکاڑہ کے طلباء و رضاکار، ایدھی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا مہمان خصوصی نے ریسکیو 1122کی آپریشنل تیاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے جس انداز میں موک ایکسر سائز میں حصہ لیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔

 اس موقع پر سرکاری محکموں کی جانب سے آگاہی کیمپ لگائے گئے تمام محکموں کے افسران نے اپنے اپنے آگاہی فلڈ ریلیف کیمپوں سے متعلق بریفنگ دی ۔ اس موقع پر تربیتی مشقیں کرتے ہوئے ریسیکیو 1122کے جوانوں نے ڈوبنے والے افراد کی جان بچائی اور تربیتی مشقوں کے دوران انہوں نے سیلاب میں پھنسنے والے خاندانوں سمیت ان کے مویشیوں کو بھی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسکیو کیا۔