اوکاڑہ،19مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز میں دنیا کے سب سے بڑے ہاتھ سے لکھے گئے قرآن مجید کی نمائش کا افتتاح کر دیا ہے۔31صفحات پر مشتمل یہ دیدہ زیب قرآن پاک 10فٹ لمبے اور ساڑھے 8فٹ چوڑے صفحوں پر مشتمل ہے جس کو 435دنوں میں مکمل کیا گیا ہے ۔قرآن پاک کا یہ نادر نسخہ عام لوگوں کے لئے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز میں رکھا گیا ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے دنیا کے سب سے بڑے قرآن پاک کو معہ ترجمہ ہاتھ سے لکھنے پر سید امتیاز حیدر مجددی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآن پاک کی خطاطی کو دنیا میں منفرد انداز میں پیش کرنے کی سعادت ان کے حصہ میں آئی ہے۔ انہوں نے قرآن پاک کی منفرد انداز میں خطاطی کر کے دنیا کے سب سے بڑے سائز میں قرآن پاک لکھ کر پاکستان کے لئے ایک اور اعزاز حاصل کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نےکہا ہے کہ قرآن پاک ہدایت و راہنمائی کا سر چشمہ ہے قرآن پاک قیامت تک برکت ،رحمت اور نور کا منبع ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی تلاوت جہاں رحمت اور برکت کا باعث ہے وہیں پر اس کتاب ہدائیت کی خطاطی و کتابت بھی کسی شخص کے لئے دنیا اورآخرت میں برکت و سعادت ہے ۔
ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے نے ہدایت کی کہ قرآن پاک کا یہ نسخہ گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج فار بوائز سمیت ضلع کے دیگر کالجز میں بھی نمائش کے لئے رکھا جائے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز ساہیوال مسعود فریدی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ممتاز علی سمیت کالج کے اساتذہ اور طالبعلموں کے ساتھ ساتھ شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔