اٹک؛مسجدنبوی ﷺکی بےحرمتی اورنعرہ بازی کے معاملے پر گرفتار شیخ راشدشفیق کے جسمانی ریمانڈمیں دو دن کی توسیع

23

اٹک،02مئی ( اے پی پی ): مسجدنبوی ﷺکی بےحرمتی اورنعرہ بازی کے معاملے پر اٹک کی ماتحت عدالت نے شیخ راشدشفیق کے جسمانی ریمانڈمیں دو دن کی مزیدتوسیع کر دی، ملزم کو آئندہ عید کے دوسرے روز ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ موبائل فون کی مکمل فرانزک رپورٹ کے بعد عدالت کی جانب سے فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

مسجدنبوی کی بےحرمتی اورنعرہ بازی کےخلاف تھانہ نیوائیرپورٹ فتح جنگ میں قاضی طارق ایڈووکیٹ کی مدعیت میں شیخ راشدشفیق سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کےخلاف ایف آئی آردرج کی گئی تھی جس پر مقامی پولیس نے شیخ راشد شفیق کو نیوائیرپورٹ سے گرفتار کر کے گزشتہ روز ڈیوٹی مجسٹریٹ مشتاق جنجوعہ کی عدالت میں پیش کیاتھا جہاں عدالت نےملزم کاایک روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکیاجس پرملزم شیخ راشد شفیق کو پیر کے روز دوبارہ ڈیوٹی مجسٹریٹ محمودعالم کی عدالت میں پیش کیاگیاجہاں دونوں طرف کے وکلاء کی بحث کے بعد فاضل جج نے ملزم کےجسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع کےآرڈرجاری کئے۔

 اس حوالہ سے مدعی مقدمہ کےوکیل سینئر قانون دان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ملزم مسجدنبوی ﷺ کی توہین کامرتکب پایاگیاہے اورسارے ہنگامہ کوملزم نےعمران خان کی فتح قراردیاجس پر ملزم کےموبائل ڈیٹاکامکمل ریکارڈودیگراہم معلومات حاصل کرناضروری ہیں جس پر ہم نے عدالت سے 3 روزہ جسمانی ریمانڈکی ہم نے توسیع مانگی مگر عدالت نے 2 دن کا ریمانڈ منظور کیا۔ ہمیں امیدہےکہ عدالت ہمارے ساتھ انصاف کرےگی۔

پیشی کے موقع پر پولیس نے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر رکھے تھے۔