بھارتی سفارت کار کی جانب سے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ قرار دینے پر اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر عمران خان  کا سخت ردعمل

3

اسلام آباد،  20 مئی   (اے پی پی ):بھارتی سفارت کار کی جانب سے جموں و کشمیر کو ہندوستان کا اٹوٹ انگ قرار دینے پر اقوام متحدہ میں پاکستانی قونصلر عمران خان  نے سخت ردعمل کا  اظہار کیا ہے ۔انہوں  نے کہا کہ  جموں و کشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ رہا ہے اور نہ اب اس پر ہندوستان کا کوئی حق ہے،  جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کی روشنی میں ایک متنازع خطہ ہے جس کے مستقبل کے فیصلے کا اختیار اہلیان کشمیر کے پاس ہے، ہندوستان جموں و کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار داد کو تسلیم کرچکا ہے اور اب اس پر عمل درآمد ہونا ہے۔

 پاکستانی قونصلر عمران خان   نے کہا کہ  بھارتی مؤقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کی سات دہائیوں سے مسلسل خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ  ہندوستان جموں و کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کرکے وہاں کی مسلم آبادی کو ہندو آبادی کے مقابلے میں اقلیت بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

پاکستانی قونصلر عمران خان   نے کہا کہ ہندوستان کے پاکستان پر دہشت گردی کے جھوٹے الزامات دراصل خود جموں و کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کو چھپانے کی ایک کوشش ہیں، تاریخ شاہد ہے کہ قابض قوتیں اپنے جبر کو درست ثابت کرنے کے لئے آزادی کی تحریکوں کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات کہیں لکھ کر رکھ لیں کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ  پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرتا رہے گا اور  اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد کو مسئلہ کشمیر کے واحد حل کی صورت میں پاکستان آواز بلند کرتا رہے گا۔