رحیم یار خان،02مئی(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پرضلع میں امن ومان اور انتظامی امور کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر اور ڈی پی او کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء نے ارکان اسمبلی کو بریفنگ دی۔انہوں نے ارکان اسمبلی کو عید تعطیلات میں سیکورٹی، انتظامی، صحت و صفائی انتظامات کے حوالہ سے بتایا۔
اجلاس میں ایم این اے شیخ فیاض الدین، ایم پی اے چوہدری محمد ارشد ،ایم پی اے غضنفر لنگاہ، چوہدری محمد عمر جعفر، چوہدری اظہر شفیق نے شرکت کی۔ارکان اسمبلی کی جانب سے عید کے موقع پر انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے بتایا کہ چاند رات، عید نماز اور تعطیلات میں انتظامیہ مکمل متحرک رہے گی۔عید تعطیلات میں ایمرجنسی اداروں، چیک پوسٹس پر تعینات عملہ اور میونسپل افسران و سٹاف کی چھٹیاں منسوخ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات میں گندم و آٹا اور کھاد کی غیر قانونی نقل و حرکت کسی صورت نہیں ہونے دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملہ ہمہ وقت دستیاب ہو گاانہوں نے کہا کہ گرانفروشی و ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں سیکورٹی، صفائی سمیت دیگر انتظامی امور کو مانیٹر کر رہے ہیں۔
ڈی پی او کیپٹن(ر)محمد علی ضیاء نے اجلاس کو بتایا کہ عید تعطیلات میں ضلع بھر کے لئے جامع سیکورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔انہصں نے کہا کہ عید سے قبل ہی منشیات فروشوں، اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس پُر عزم ہے۔بازاروں، شاپنگ مال،عید نماز کے مقامات کے لئے فول پروف سیکورٹی پلان ترتیب دیکر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چاند رات پر ہلڑ بازی، ون ویلنگ، آتش بازی /ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ارکان اسمبلی نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عوامی خدمت کے جزبہ سے سرشار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح وبہبود اور سماجی ترقی کے لئے ارکان اسمبلی انتظامیہ کے ساتھ اپنا مکمل تعاون یقینی بنائیں گے۔