رحیم یار خان،17 مئی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہرنے ضلع رحیم یار خان کی حدود میں اندرون چولستان کا دورہ کیا۔متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو چولستان میں خشک سالی، ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں پر بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر کو بتایا گیا کہ موجودہ خشک سالی کے باعث ضلع رحیم یار خان کی حدود میں 1200 گھرانوں کے3 ہزار 300 افراد میں سے زیادہ خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں، خشک سالی سے چولستان میں موجود ڈھائی لاکھ مال مویشی کو بھی محفوظ جگہ منتقل کیا گیا ہے،90 فیصد مال مویشی کو بھی محفوظ جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ہے، اندرون چولستان میں اس وقت 400 افراد پر مشتمل آبادی اور 5 ہزار چھوٹے بڑے مویشی موجود ہیں،جزوی طور پر خشک سالی سے متاثرہ چولستانی ایریا سے بھی 70 فیصد آبادی محفوظ جگہوں پر منتقل ہو گئی ہے ، چولستان میں تقریباً چھوٹے بڑے 133 ٹوبہ جات خشک ہو گئے ہیں۔ 9 واٹر بائوزر کے ذریعہ آبادی والے علاقوں میں پانی پہنچایا جا رہا ہے، ہیلتھ کی 3 اور لائیوسٹاک کی 2 موبائل ٹیمیں اندرون چولستان سروسز فراہم کر رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہرنے کہا کہ چولستان میں خشک سالی کے باعث نقل مکانی کرنے والے خاندانوں اور مویشیوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا جائے ۔ اندرون چولستان مقیم خاندانوں اور مال مویشیوں کے تحفظ کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اندرون چولستان مقیم 400 افراد کے ہر گھر کو انتظامیہ آئندہ 24 گھنٹوں میں 350 لیٹر پر مشتمل صاف پانی کی ٹینکی فراہم کرے گی۔ 350 لیٹر پینے کے صاف پانی کے ہمراہ ( او آر ایس ) کے 20 ساشے بھی فراہم کئے جائیں گے ۔
ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ واٹر بائوزر کے ذریعہ چولستان میں مقیم خاندانوں اور ان کے مویشیوں کو مسلسل پانی فراہم کیا جائے گا، چولستان کو پانی فراہم کرنے والی نہریں چلا دی گئیں ہیں۔ ٹیل تک نہری پانی کی فراہمی کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ انہار کے حکام مقامی افراد کی معاونت سے پانی چوروں کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان سے خشک سالی کے باعث نقل مکانی کرنے والے خاندانوں نے جہاں عارضی رہائش رکھی ہے وہاں انتظامیہ نے بیس کیمپ قائم کر دئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چولستان سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں اور ان کے مال مویشیوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کو صحت عامہ کی سہولیات مُسلسل فراہم کی جارہی ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں تمام محکمے قومی جذبے کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کی مدد یقینی بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ چولستان میں امدادی سرگرمیوں میں تعاون کرنے پر انتظامیہ چولستان رینجرز، ابوظہبی پیلس انتظامیہ اور دیگر اداروں و افراد کی مشکور ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ریونیو) بیرسٹر بلال سلیم، اسسٹنٹ کمشنرز خانپور اور لیاقت پور ،محکمہ صحت، لائیوسٹاک، چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، میونسپل سروسز سمیت ، محکمہ انہار، چولستان رینجرز، وائلڈ لائف کے حکام بھی موجود تھے۔