سروسزکےمعیارکوبہترکرنے کیلئے ٹیلی کام سیکٹرکو اپنا انفراسٹرکچراپ گریڈ کرنا ہوگا:  امین الحق

3

اسلام آباد، 19 مئی(اے پی پی ): وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں سروسز کے معیار کو بہتر کرنے کیلئے ٹیلی کام سیکٹرکو اپنا انفراسٹرکچر اپ گریڈ کرنا ہوگا، پسماندہ اور دور دراز کے علاقوں میں موبائل سروسز اوربراڈ بینڈ کی فراہمی کیلئے وزارت آئی ٹی 90 سے 95 فیصد سبسڈی دے رہی ہے، شہری علاقوں میں اب گریڈیشن کیلئے ٹیلی کام کمپنیاں اپنا کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو  ہیڈ آف ٹیلی نار ایشیا جارگن سی آرنٹز روسٹرپ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا، وفد میں چیف ایگزیکٹیو ٹیلی نارعرفان وہاب خان، چیف کارپوریٹ افیئرز کمال احمد شامل تھے۔

 سید امین الحق کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کیلئے عوامی شکایات کا ازالہ اور نیٹ ورکنگ کو وسعت دینا ناگزیرہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کی تکمیل کیلئے تمام رکاوٹوں کو دور کرنے اورٹیلی کام سیکٹرکے ساتھ تعاون بڑھانے کیلئے وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن تیزی سے کام کررہی ہے جس میں ٹیلی کام سیکٹر پرعائد ٹیکس کو کم کرنے اوردیگرمسائل کیلئے اعلیٰ سطح پر کوششیں شامل ہیں۔

وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا ای کامرس، روزمرہ معمولات سمیت تمام شعبوں میں جدت کی متقاضی ہے۔ اس کے بغیرکوئی بھی مارکیٹ کی تیزی سے برھتی ہوئی ضروریات کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جس تیزی سے موبائل فون اور براڈ بینڈ صارفین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اسی تیزی سے سروسز کے معیار کو بہتر کرنا بھی ضروری ہے۔ اسی طرح ڈیجیٹل دنیا ای کامرس، روزمرہ معمولات سمیت تمام شعبوں میں بھی جدت کی متقاضی ہے۔

اس موقع پر ہیڈ آف ٹیلی نار ایشیا جارگن سی آرنٹز روسٹرپ نے کہا کہ ٹیلی نارپاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کی شمولیت اورسروسز کو وسعت دینے کیلئے کام کررہا ہے، موبائل صارفین کی مشکلات سے آگاہ اور سروسز و انفراسٹکچر میں بہتری کیلئےمزید سرمایہ کاری کےخواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ٹیلی نار پاکستان ڈیجیٹل ترقی کے اگلے مرحلے میں پاکستان کی معاونت کیلئے پر عزم ہے، ہم ملک میں ڈیجیٹل اور کنکٹیویٹی کے خلا کو پُر کرنے کیلئے مل کر نئی ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

سی سی او ٹیلی نار عرفان وہاب نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کیلئے کنکٹیویٹی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، سروسز کی بہتری کے لیے ہم روزانہ کی بنیاد پر اقدام کر رہے ہیں۔

 اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری و ممبر ٹیلی کام سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔