سکھر،19مئی(اے پی پی): سندھ حکومت کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حاوید احمد صاحب کی خصوصی ہدایات پر پنو عاقل،روہڑی،نیو سکھر،سٹی،صالح پٹ سمیت ضلع بھر کے مختلف مقامات پر ہیٹ اسٹروک اسٹیبلائزیشن کیمپ قائم کئے گئے،ہیٹ اسٹروکس کیمپس کے ذریعے سخت گرمی سے ستائے ہوئے افراد کو ٹھنڈی پانی کی بوتلیں تقسیم کی جارہی ہیں اور ساتھ ساتھ ہیٹ اسڑوک سے بچاؤ کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر سے آگاہ بھی کیا جارہا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جاوید احمدکی ہدایات پر ضلع بھر میں تمام تعلقوں میں علاقہ کی مساجد میں بھی شہر میں پڑنے والی سخت گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے متعلق احتیاطی تدابیر کے متعلق اعلانات کئے گئے ہیں۔
شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری باہر نکلنے سے مکمل گریز کریں اس حوالے سے ضلع بھر میں اسپتالوں میں بھی ہیٹ اسٹروک سے قیمتی انسانی جانوں کے بچاؤ کیلئے ”نگہداشت وارڈز“ قائم کئے گئے ہیں جہاں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کیلئے پانی کی بوتلیں، جوس، ائر کنڈیشنڈ رومز، ادویات بھی وافر مقدار میں رکھی گئی۔
ضلع انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیٹ اسڑوک سے بچاؤکیلئے احتیاطی تدابیر استعمال کریں کیونکہ درجہ حرارت بڑھنے کے باعث جسم کا اندرونی نظام متاثر ہونے لگتا ہے اور اکثر اوقات ہیٹ سٹروک جان کے لیے خطرہ بن جاتا ہے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔