سکھر؛ نویں ودسویں کے سالانہ امتحانات شروع،90 ہزار 459 سے زائد طلباء و طالبات حصہ لے رہے

64

سکھر،17مئی (اے پی پی): ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات 17 مئی سے شروع ہو گئے ہیں جو 25 مئی تک جاری رہیں گے۔

سیکریٹری بورڈ رفیق احمد نے بتایا کہ پہلے روز نویں جماعت کا انگلش اور دسویں جماعت کا اردو اور آسان سندھی کا پیپر ہو رہا ہے۔90 ہزار 459 سے زائد طلباء و طالبات نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات دے رہے ہیں۔ نویں کلاس کے 46459 اور دسویں جماعت کے 44 ہزار طلباء امتحان میں حصہ لے رہے ہیں،سکھر،خیرپور اور گھوٹکی میں 187 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

سیکریٹری بورڈ رفیق احمد کے مطابق 187 امتحانی مراکز میں سے 49 طلباء اور 36 طالبات کے لیے مختص ہونگے  جبکہ 102 امتحانی مراکز کمبائینڈ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سکھر ضلع میں 53،خیرپور ضلع میں 94 اور گھوٹکی ضلع میں 40 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔امتحانات کے دوران نقل کو روکنے کے لیے 27 سے زائد چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ امتحانات کے دوران دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے۔

سیکریٹری بورڈ کا کہنا ہے کہ امتحانی مراکز میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔