سکھر،13مئی(اے پی پی): قومی سیفٹی ڈے کے حوالے سے ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین کے زیر اہتمام سیپکو سرکل آفس میں حادثات کی روک تھام کیلئے(سیفٹی ڈے) تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خاص سیپکو کے ایس ای منظور حسین سومرو، ایکسئین میر شیخ تھے جبکہ دیگر مہمان گرامی میں سیپکو افسران و یونین عہدے داروں ولی محمد لغاری،سید زاہد شاہ، شجاعت علی گھمرو،واپڈا ہائیڈرو یونین سمیت ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیپکو افسران اور یونین رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لائن اسٹاف کی جان اور مال کی حفاظت لازمی ہے، محنت کشوں کی شب و روز کام کی وجہ سے سیپکو میں بجلی کی چوری میں کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لائن مین کام کرتے ہوئے جلد بازی نہ کریں جو حادثوں کا سبب بنتی ہے ، کام کرتے ہوئے مکمل حفاظت کا خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور یونین کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ لائن اسٹاف کو کام کرنے سے قبل حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرائیں، سیفٹی کے تمام اصولوں پر عمل درآمد کیا جائے، ادارے کی جانب سے دیئے جانے والے سامان کو استعمال کرکے آپ اپنی زندگی بچا اور خاندان کے افراد کی امیدوں کو پورا کرسکتے ہیں،چھوٹی سی غفلت زندگی کے لیے بڑی غلطی ثابت ہوتی ہے۔
سیمنار تقریب میں سیپکو ملازمین کو سیفٹی آپریشن کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔