شدید گرمی کی لہروں سے بچاؤ کیلئے مختلف صحت مراکز میں 9 ہیٹ ریسپانس سنٹرز بنائے جائیں گے؛ ڈپٹی کمشنر پاکپتن

7

پا کپتن،14 مئی  ( اے پی پی):ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا ہے کہ موسم گرما کے دوران عوام کو شدید گرمی کی لہروں سے بچاؤ کیلئے موثر اقدام کیے جائیں، عوامی زندگیوں کی سیفٹی کے سلسلہ میں مختلف صحت مراکز میں 9 ہیٹ ریسپانس سنٹرز بنائے جائیں گے۔

یہ باتیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ہئے کہیں۔ ڈی او ایمر جنسی ریسکیو1122 ڈاکٹر احتشام مظہر نے ہیٹ ریسپانس سنٹرز بنانے سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دی۔

 ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے کہا کہ ہیٹ ریسپانس سنٹرز ڈی سی آفس،ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو میں بنائے جائیں گے، ہیٹ ریسپانس سنٹرز بنانے کا مقصد عوام کو صحت سے متعلق سہولیات مہیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ موسم گرما کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ تشویشناک ہے، درجہ حرارت میں اضافہ انسانی زندگیوں کے لیے جان لیو اثابت ہو سکتا ہے، بڑھتی ہوئی گرمی کی شدید لہروں سے بچاؤ اور سیف زندگی کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے سے گریز کریں۔

 ڈپٹی کمشنر احمر سہیل کیفی نے محکمہ صحت کو ریسکیو1122 کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہیٹ ریسپانس سنٹرز بنانے سے عوام کو صحت کی معیاری سہولت دستیاب ہوگی اور علاقائی سطح پر بھی عوام اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہم آصف ملک اور اسسٹنٹ کمشنر شرجیل شاہد گجربھی موجود تھے۔

سورس:وی  این ایس، پاکپتن