ضلعی ومری انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے عید تعطیلات کے دوران سیاحوں کیلئے انتظامات کو یقینی بنایا

9

مری،06 مئی (اے پی پی):ضلعی ومری انتظامیہ نے ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر عید تعطیلات کے دوران مری میں سیاحوں کیلئے انتظامات کو یقینی بنایا ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق پچھلے تین دنوں کے دوران اب تک تقریباً 25000 گاڑیاں اور 50000سے زیادہ سیاح مری سیر کیلئے آئے۔انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق،اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص صفدر سکندری کے ساتھ ساتھ کمشنر راولپنڈی ڈویژن بھی دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔

ترجمان کے مطابق جھیکا گلی اور جی پی او چوک پر عوامی اعلانات کے نظام کے ساتھ جھیکا گلی، کلڈنہ، باڑیاں اور لوئر ٹوپہ میں سیاحوں کی سہولت کے چار ڈیسک قائم کیے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122 اور ٹورسٹ پولیس کے ساتھ ٹی ایم اے کا عملہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیےبڑے ٹورسٹ پوائنٹس بالخصوص جی پی او چوک پر تعینات ہے۔ ہوٹل ایسوسی ایشن نے تحصیل مری انتظامیہ کے ساتھ مل کر جی پی او میں ہاسٹل کے تنازعات کے حل کے لیے ایک ڈیسک بھی قائم کیا ہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سےسیاحوں کے لئے ضروری ہدایات/مشاورتی اور ہنگامی رابطوں پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کئے گئے اوراہم سیاحتی مقامات پر بڑے بینرز بھی آویزاں کئے گئے،خصوصی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے جس میں تمام محکموں کے افسران موجود ہیں۔ اب تک 170+ معلومات/ہنگامی کالیں سنی گئیں ہیں۔ شہر کے اندر 5 سڑکوں کو یک طرفہ قرار دیا گیا ہے اور اسپائکس لگائے گئے ہیں اورعید سے قبل سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ بیوٹیفیکیشن کا کام بھی کیا گیا اور آنے والے موسم گرما کے سیزن پیش نظر یہ کام جاری ہے۔ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا عملہ مانیٹرنگ اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مری بھر میں باقاعدگی سے گشت کر رہا ہے۔