عجائب گھروں کا عالمی دن؛ کلونیل دور کی عمارتوں کے تحفظ، مرمت اور دیکھ بھال کے حوالے سے سیمینار منعقد

3

ایبٹ آباد،19مئی(اے پی پی):عجائب گھروں کے عالمی دن کے حوالے سے  تاریخی ٹاون ہال  میں کلونیل دور کی 100 سال سے اوپر ہو جانے والی عمارتوں کے تحفظ، مرمت اور دیکھ بھال کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد کے صدر ملک امجد اعوان تھے جبکہ خیبر پختونخوا بار کونسل کے وائس چیئرمین محمد علی خان ایڈووکیٹ اور سپریم کورٹ کے معروف قانون دان ظفر اقبال ایڈوکیٹ اعزازی مہمان تھے۔

 اس موقع پر مقامی سکول کے طلبہ و طالبات نے نوادرات کی پینٹنگز بنا کر شرکاء سے داد وصول کی۔تقریب میں وکلاءکے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت  کی۔ جنہیں عجائب گھروں کی ضرورت اور افادیت سے آگاہ کیا گیا۔

  اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے صدر ملک امجد اعوان ایڈووکیٹ نے ایبٹ میوزیم کو تاریخی اور قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئےکہا کہ ایک صدی سے زائد پرانی یہ عمارت  تاریخی ورثہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہزارہ یونیورسٹی کے آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طلباء کو ہزارہ  کی تاریخ پرکھنے کے لیے مشعل راہ ہے اور ہزارہ یونیورسٹی کے  لاکھوں طلبہ کو  مختلف طرح کی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ  بن چکی ہے۔

 بار کونسل  کے صوبائی وائس چیئرمین محمد علی خان ایڈووکیٹ نے کہا بعض حلقے میوزیم کی تاریخی عمارت گرانے کے درپے ہیں جس کی ہر سطح پر مزاحمت کی جائے گی۔انہوں نے میوزیم کی عمارت کو تمام نوادرات سمیت محفوظ بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایڈوکیٹ ظفر اقبال نے بھی میوزیم کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوششوں کی یقین دہانی کروائی۔

 پروگرام کے آخر میں تاریخی نوادرات کی پینسل سے تصویریں بنانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔