کراچی، 4مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے کہاہےکہ عمران خان کی حکومت نے آئی ایم ایف سےملکی مفادات کے خلاف وعدے کئے اور وہ معاشی سطح پر بارودی سرنگیں بچھا کر گئے،عمران خان کےخلاف کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی وہ خود پاکستان کےخلاف ایک سازش ہے،پاکستان مسلم لیگ ن کراچی کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہاکہ معاشی سطح پر مشکل ترین حالات ملنے کےباوجود وزیراعظم شہباز شریف بضد ہیں کہ عوام کی توقعات کےبرخلاف کوئی اقدام نہیں کرنا ہے اور ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنےکےساتھ ساتھ عوام کو روزگار فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
مفتاح اسماعیل نے کہاکہ عمران خان کی حکومت میں روز مرہ کی اشیاء کی قیمتوں میں بیش بہا اضافہ ہوا جبکہ ہماری حکومت کے آ نے کے بعد ہوش روبا مہنگی چیزوں کی قیمتوں کو کم کرنا عوامی خدمت ہے ۔انہوں نےکہاکہ بیرونی سازش کا راگ لاپنےوالے آج کس منہ سے مغربی ممالک کا رخ کررہے ہیں ۔
صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نےکہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے وعدےکے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کی اور چند ہی دنوں میں بند پلانٹس کو کھلواکر عوام کو لوڈ شیڈنگ سےنجات دلائی ۔انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا وزیراعظم شہباز شریف کا وفد ہمراہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس کے دور رس ثمرات مرتب ہوں گے ۔