ملتان، 3مئی (اے پی پی):ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا عید صفائی آپریشن کامیابی سے ہم کنار۔ شہر اولیاء کی شاہراہیں، چوک و چوراہے دلہن کی طرح سجا دئیے گئے ہیں ۔ نماز عید کی ادائیگی سے قبل شہر کی عید گاہیں اور مساجد چمکا دی گئیں ہیں۔عید گاہوں اور مساجد جانیوالے راستے بھی واٹر سپرنکلنگ اور لائم لائننگ سے جگمگا اٹھے ہیں۔
عید صفائی آپریشن رات تین بجے شروع کیا گیا اور منیجر آپریشنز، ڈپٹی منیجرز اور سیکٹر افسران کی طرف سے صفائی آپریشن کی بھرپور مانیٹرنگ کی گئی۔
سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر کا صبح چار بجے شہر کا دورہ کیا،وہ گلگشت،گھنٹہ گھر، نیو ملتان،ممتاز آباد،ولایت آباد،ڈبل پھاٹک اور ڈیرہ اڈا گئے اور بہترین صفائی انتظامات پر ورکرز کو شاباش دی۔انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم سی نے مثالی صفائی کے ذریعے ہر چیلنج سے نمٹنے کی روایت برقرار رکھی ہے اور مساجد کے اطراف میں صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
سی ای او نے کہا کہ یوم عید کے موقع پر2000 ورکرز اور200 گاڑیوں کو فیلڈ میں اتارا گیا ہے ، آپریشنل سٹاف کو900 مساجد کے اطراف کی سڑکوں کی صفائی کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور معروف چوکوں کو بھی خوبصورت بنایا گیا ہے ، کل عید کے دوسرے دن بھی شہر میں معمول کا صفائی آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔