مسجد نبویﷺ نعرے بازی معاملہ؛ رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو جوڈیشل ریمانڈ پر اٹک جیل بھیج دیا گیا

28

اٹک،04مئی(اے پی پی):مسجد نبویﷺ میں نعرے بازی اور توہین کا معاملہ، اسیر رکن قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق کو ڈیوٹی میجسٹریٹ محمد ذیشان نے جوڈیشل ریمانڈ پر اٹک جیل بھیج دیا اور آئندہ  تاریخ ضمانت کے لئے 6مئی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔درخواست ضمانت پر سول جج فتح جنگ کی عدالت میں بحث ہوگی۔

عدالت میں پیشی کے وقت کچہری چوک میں پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کررکھے تھے۔ ملزم کو دو بار ریمانڈ کے بعد تیسری مرتبہ ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ فاضل جج نے مال مقدمہ عدالت میں پیش نہ کرنے پر پولیس پر برہمی کا اظہار کیا جس پر پولیس نے موقف اختیار کیا کہ ملزم راشد شفیق کا موبائل فون سعودی عرب میں رہ گیا ہے جس پر فاضل ڈیوٹی جج نے پولیس کو موبائل فون کی ای ایم آئی نمبر رپورٹ پیش کرنے حکم دیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدعی مقدمہ قاضی طارق اور ان کے وکیل شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس تفتیش سے مطمئن نہیں ،ملزم کو بغیر ہتھکڑی کے عدالت پیش کیا جارہا ہے۔دیگر ملزمان کو دونوں ہاتھوں پر ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں، یہ مسجد نبویﷺ کی حرمت اور مقامات مقدسہ کا معاملہ ہے، ملزم کو ایسے پیش کیا جاتا ہے جیسے وہ ابھی آب زم زم سے نہا کر آیا ہے۔