ملتان : ویمن یونیورسٹی میں نیشنل بک فاونڈیشن کے زیر اہتمام دو روزہ کتاب میلہ شروع ہو گیا

11

ملتان، 17 مئی(اے پی پی ):  ویمن یونیورسٹی ملتان میں نیشنل بک فاونڈیشن کے زیر اہتمام دو روزہ کتاب میلہ شروع ہوگیا ہے، میلے کا افتتاح رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کیا۔

  اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کہا کہ  مطالعے سے محبت اور لائبریریوں سے رغبت کا عمل فرد اور معاشرہ دونوں کو وقار بخشتا ہے۔ کتاب انسانی فکروشعور کو بلندی اور پختگی عطاکرتی ہے اور معاشرے میں اعتدال، رواداری وبرداشت جیسی روایات کو مضبوط کرکے اس دنیا کو رہنے کے قابل بنادیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بُک فائونڈیشن کتاب کے ذریعے جہالت کے خلاف برسرپیکار ہے اور نوجوانوں کو پرامن انقلاب کی نوید دے رہے ہیں۔

رجسٹرار ڈاکٹر قمر رباب نے کہا کہ کتاب میلے میں سائنس، ٹیکنالوجی، حالات حاضرہ، تاریخ، حکمت ودانائی، فلسفہ، سوانح، سفرناموں اور دینی علوم سمیت ہر موضوع کی کتب رکھی  گئی ہیں اورطالبات کےلئے 50فیصد رعایتی نرخ متعارف کرائے گئے ہیں۔

  اس موقع پر تمام شعبوں کی چیئرپرسنز ،اسسٹنٹ لائبریرین مس سمیرا رسول ، گل ناز بتول اور محمد زبیر ( نمائندہ نیشنل بک فاونڈیشن)بھی موجود تھے۔