ملتان،06 مئی (اے پی پی ): کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ریونیو عوامی خدمت کچہری میں عوام کی شنوائی کی۔ کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈویژن بھر سے آئے سائلین کی شکایات کا ازالہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے ریونیو سے متعلق موقع پر احکامات جاری کئے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام ریونیو عملہ ایک چھت تلے موجود رہے۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ریونیو کچہری کا مقصد ایک چھت تلے عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ماہ کے آغاز میں ڈویژن بھر میں کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اس اقدام کو بھرپور پذیرائی حاصل ہورہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ عوامی خدمت کچہری سے اب تک سینکڑوں شہری مستفید ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیہی تحصیلوں میں بھی ریونیو کچہریوں کا انعقاد کیا گیا ہے اور درخواستوں پر فوری ایکشن کرکے عوام کو انصاف فراہمی ترجیح ہے۔