اسلام آباد،17مئی(اے پی پی):وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں براہِ راست بیرونی سرمایہ کاری بڑھانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان COVID-19 کے دوران چینی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے SINOVAC کے وفد سے گفتگو میں کیا، وفد نے منگل کو یہاں وزیراعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ اعظم کو COVID-19 ویکسینیشن مہم کے دوران SINOVAC کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی گئی ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اسکے علاوہ SINOVAC کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرکے بیماریوں کی تشخیص، بچاؤ اور علاج کیلئے ایک جوائنٹ وینچر بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے چین پاکستان مثالی دوستی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت چینی کمپنی کی طرف سے سرمایہ کاری کی اس پیشکش کا خیر مقدم کرتی ہے اور اس حوالے سے ہر قسم کا تعاون فراہم کرے گی۔وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ صحت کو اس حوالے سے فوری طور پر ایک ٹاسک فورس بنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ SINOVAC جلد اس منصوبے پر کام شروع کر سکے۔
ملاقات میں Qiang Gao جنرل مینیجر SINOVAC، ڈائیریکٹر انٹرنیشنل بزنس Kevin Zhang، وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل، ایگزیکٹیو ڈائیریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ میجر جنرل پروفیسر عامر اکرام اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔