وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز  پولیس وین الٹنے سے شہیدہو نے والے  کانسٹیبل محمد جاوید کے گاؤں گجرکلہ پہنچے اور ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی

8

سیالکوٹ،27مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز  اٹک کے علاقے میں پولیس وین الٹنے سے شہیدہو نے والے  کانسٹیبل محمد جاوید کے گاؤں گجرکلہ پہنچ گئے انہوں نے  شہید کانسٹیبل محمد جاوید کی اہلیہ،  بچوں اور بھائیوں سے ملاقات کی  اورشہید کانسٹیبل محمد جاوید کے لواحقین سے ہمدردی اورتعزیت کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے شہید کی بیٹی اور بیٹوں سے شفقت کا اظہار کیا اور شہید کانسٹیبل محمد جاوید کے بیٹوں کو گلے لگایا ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازنےکہا کہ ڈیوٹی کے دوران شہید ہو نے والے  کانسٹیبل  محمد جاوید کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ کانسٹیبل محمد جاوید نے شہادت کا بلندرتبہ پایا۔شہید کانسٹیبل محمد جاوید کو واپس تو نہیں لا سکتا لیکن حکومت شہید کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کرے گی اور انہیں  تنہا نہیں چھوڑے گی اور کہا کہ  شہید کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں،شہید کے خاندان کی ہرممکن معاونت کریں گے، شہید کانسٹیبل محمد جاویدہمارے سر کا تاج ہے۔

اس موقع پر شہید محمد جاوید کے بھائی ریاض احمد اور محمد انور بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، منشاء اللہ بٹ، عطا تارڑ،ذیشان رفیق، عمران گورائیہ اور دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔