کوئٹہ،18مئی (اے پی پی):و زیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس جمع کرادی گئی ہے ۔
بدھ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال خان ، پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی نے و زیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد سیکرٹری بلوچستان اسمبلی کے پاس جمع کرائی ۔ تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین صوبائی اسمبلی کے دستخط موجود تھے ۔
تحر یک عدم اعتماد جمع کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جام کمال خان، سردار یار محمد رند اور اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان میں طرز حکمرانی اور کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں ، صو بائی اسمبلی کے اکثریتی اراکین اور اتحادیوں کی مشاورت سے وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے ، ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں اور تحریک عدم اعتماد کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد آئندہ وزیر اعلی کون ہوگا اس متعلق اتحادیوں اور تمام دوستوں کی مشاورت سے فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قدوس بزنجو سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں بلکہ جمہوری انداز میں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے انہیں ہٹا کر بلوچستان میں گڈ گورننس کی بنیاد رکھیں گے۔