پنجاب میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے انسدادی سرگرمیوں کو فوری طورپربڑھاناہوگا؛ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز

23

لاہور،13مئی ( اے پی پی ): وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز  نے کہا  ہے  کہ پنجاب میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے انسدادی سرگرمیوں کو فوری طورپربڑھاناہوگا، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کوعلاج کی بہترسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا۔

ان خیالات کا  اظہار وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز   نے  جمعہ کو  یہاں  محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس  کی صدارت کرتے  ہو ئے کیا۔اجلاس میں صوبہ بھرکی ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز   نے کہا کہ محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ عوام بھی ڈینگی پر قابوپانے کیلئے بنیادی کرداراداکریں۔انہوں نے کہا کہ  پنجاب میں ڈینگی کے خاتمہ کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی،ڈینگی پرقابوپانے کیلئے رپورٹنگ کا نظام مزیدبہترکرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق،سیکرٹری صحت علی جان خان،کمشنرلاہورڈویژن کیپٹن(ر)محمد عثمان یونس،ڈپٹی کمشنرلاہور،سپیشل سیکرٹری صالحہ سعید،سپیشل سیکرٹری محمد اجمل بھٹی،ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرہارون جہانگیر اور وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے راولپنڈی،فیصل آباد و دیگر ڈویژنز کے کمشنرز،ڈپٹی کمشنرزاور سی ای اوزنے شرکت کی۔

تمام کمشنرزاور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیزنے اجلاس کے دوران انسدادڈینگی سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے   رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب حمزہ شہبازکی ہدایات کے مطابق پنجاب بھرمیں ڈینگی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاجارہاہے۔ اجلاس کے دوران کینسرکے مریضوں کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے بھی اقدامات کاجائزہ لیاگیاہے۔

رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈیش بورڈپرڈینگی کے ہررپورٹ ہونے والے کیس کورسپونس کیاجائے،    تمام کمشنرزاور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز ڈینگی کے خلاف مشترکہ کوششیں کریں۔انہوں نے کہا کہ  ڈینگی کے خلاف تمام انسدادی کارروائیوں کی تھرڈپارٹی ایویلوایشن کروائی جائے۔